۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
کشمیری مسلمانوں کی حمایت میں ہفتہ یکجہتی کشمیر منانے کا اعلان، مجلس وحدت مسلمین پاکستان

حوزہ/ مجلس وحدت مسلمین سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ باقر زیدی کا کہنا ہے کہ ایم ڈبلیو ایم کی مرکزی قیادت نے ہفتہ یکجہتی کشمیر منانے کا اعلان کیا ہے، جس کا مقصد ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں حکومت ہندوستان کی وحشیانہ کارروائیوں کے خلاف اپنی نفرت کا اظہار اور کشمیری مسلمانوں کی حمایت میں آواز بلند کرنا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ باقر زیدی کا کہنا ہے کہ ایم ڈبلیو ایم کی مرکزی قیادت نے ہفتہ یکجہتی کشمیر منانے کا اعلان کیا ہے، جس کا مقصد ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں حکومت ہندوستان کی وحشیانہ کارروائیوں کے خلاف اپنی نفرت کا اظہار اور کشمیری مسلمانوں کی حمایت میں آواز بلند کرنا ہے۔

کراچی پریس کلب میں صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علی حسین نقوی و دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے علامہ باقر عباس زیدی نے کہا کہ ہندوستان میں بسنے والی اقلیتوں کے خلاف مودی حکومت کے متعصبانہ اقدامات نے ملک کی سالمیت و بقاء کو خطرے میں ڈال دیا ہے، سکھ کمیونٹی کی طرف سے ہندوستانی دارالحکومت دہلی میں لال قلعے پر مذہبی پرچم لہرایا جانا مودی حکومت کے خلاف بغاوت اور نفرت کا کھلم کھلا اظہار ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں ہندوستانی افواج کی بڑھتی ہوئی بربریت کشمیری عوام کے حوصلوں کو پسپا نہیں کر سکتی، آزادی اس ریاست کے عوام کا مقدر ہے، جو بہت جلد حاصل ہو کر رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر پر پوری قوم بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ کشمیری عوام کے حق کیلئے آواز بلند کرے گی، مظلومین کشمیر کی حمایت میں تقاریب کا انعقاد کیا جائے گا۔

علامہ باقر زیدی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین سندھ کے زیر اہتمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کے ہمراہ 4 فروری کو آل پارٹیز کانفرنس کراچی پریس کلب میں منعقد کی جائے گی، 5 فروری یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے سندھ اور کراچی بھر کے مختلف اضلاع میں جمعہ نماز کے بعد دعائیہ اجتماع اور احتجاجی مظاہرے ریلیاں نکالی جائیں گی، مرکزی احتجاجی مظاہرہ جامع مسجد نور ایماں کراچی کے سامنے ہوگا، 5 فروری کی شام نمائش چورنگی پر کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی، شہدائے کی یاد میں دعائیہ اجتماع اور شمع روشن کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں مودی حکومت نے مظالم کی انتہا کر رکھی ہے، ہندوستانی ظلم و بربریت کے خلاف بولتے ہوئے انسانی حقوق کے عالمی ٹھیکیداروں کی زبان پر چھالے پڑتے ہیں، اقوام متحدہ سمیت انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں نے صرف یہود و نصاریٰ کے حقوق کے تحفظ کا بیڑا اٹھا رکھا ہے، انہیں عالم اسلام کو درپیش مسائل سے کوئی غرض نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی نے اقلیتوں کے خلاف ظلم کے جو پہاڑ توڑ رکھے ہیں، وہ اس کے اقتدار اور ملک کو بڑی تیزی سے کھوکھلا کر رہے ہیں، ہندوستان کے خلاف سر اٹھانے والی قومیں بہت جلد ایک توانا آواز اور ناقابل شکست مدمقابل کے طور پر سامنے آئیں گی۔

رہنما نے کہا کہ ہندوستان کی تاریخ کا سب سے متعصب وزیر اعظم مودی ہے، جسے عوام کی پسند و ناپسند سے کوئی غرض نہیں، اس کے ہاتھ ہزاروں بے گناہ افراد کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستانی حکومت خطے کے امن و سلامتی کیلئے سنگین خطرہ بنتا جا رہا ہے، ہندوستان کا جدید ہتھیاروں کے حصول اور خطے میں حکمرانی کا جنون کسی بڑے انسانی المیے کو جنم دے سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی کشمیر کے مسلمانوں پر ظلم و ستم بند کرے، آئے روز بے گناہ نوجوانوں کی شہادت اور خواتین کی عصمت دری کے واقعات ہندوستان کے چہرے پر بدنما داغ ہے۔

رہنماؤں نے عالم اسلام سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق کرنے کیلئے ہندوستان پر زور ڈالے۔ رہنماؤں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ حیات ہے، یہ ہندوستان کے غاصبانہ قبضے سے آزاد ہوکر رہے گا۔

پریس کانفرنس میں علامہ صادق جعفری، علامہ علی انور جعفری، علامہ مبشر حسن، میر تقی ظفر، ناصر الحسینی و دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .